پشاور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی مراد سعید کی ڈگری کے بارے میں حکومتی انکوائری کمیٹی نے ایم این اے کی نااہلی کی سفارش کردی ہے۔
باخبر ذرائع نے سفارشات میں مرادسعیدکی نااہلی اور یونیورسٹی کے متعلقہ ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے تاہم ہائر ایجوکیشن کے مجاز افسر کا کہناہے کہ جب تک انکوائری رپورٹ سامنے نہیں آتی تب تک وہ اس پر تبصرہ نہیں کر سکتے۔
واضح رہے کہ این اے 29 سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی مراد سعید کا تقریبا2 ماہ قبل پشاور یونیورسٹی میں خفیہ طریقے سے آنا اور ایک گھنٹے میں پاس ڈگری حاصل کرنے کے انکشاف پریونیورسٹی آف پشاور کے وائس چانسلر ڈاکٹر رسول جان نے انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی جبکہ صوبائی حکومت نے انکوائری پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ہائر ایجوکیشن کوانکوائری کے احکام جاری کیے۔
ہائر ایجوکیشن کے سیکریٹری خالد خان کوذمے داری دی گئی کہ وہ انتہائی شفاف انکوائری کرکے حکومت کو سفارشات پیش کریں۔ انتہائی باخبرذرائع نے بتایاکہ انکوائری رپورٹ کے مطابق مرادسعید کی نااہلی اور واقعے میں ملوث یونیورسٹی ملازمین کو نوکری سے فارغ کیے جانے کاامکان ہے۔