چنئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے کروڑوں مداح ان کی ہر بات پر سر تسلیم خم کرنے کو تیار رہتے ہیں لیکن کبھی کبھی نہلے کو بھی دہلا پڑ جاتا ہے، شاہ رخ خان کے ساتھ ایسا اس وقت ہوا جب وہ اپنی آنے والی فلم کے سلسلے میں پریس کانفرنس کرنے والے تھے لیکن تاخیر سے آنے پر صحافیوں نے ان کی تقریب کا بائیکاٹ کردیا۔
شاہ رخ خان نے اپنی نئی فلم ’’ہیپی نیو ایئر‘‘ کی تشہیر کے حوالے سے چنئی کے آئی ٹی سی گراؤنڈ میں پریس کانفرنس کا اہتمام کررکھا تھا، اس سلسلے میں انہوں نے صحافیوں کو شام ساڑھے 4 بجے کا وقت دے رکھا تھا لیکن شاہ رخ خان تو بادشاہ ہیں صحافیوں کو بلایا ساڑھے 4 بجے اور خود پہنچے رات 8 بجے، جس پر صحافیوں نے اس پر احتجاج کیا۔
شاہ رخ خان کی جانب سے صحافیوں کو اپنے تاخیر سے پہنچنے پر مناسب وجہ نہ بتانے پر صحافی طیش میں آگئے اور انہوں نے بالی وڈ کے سپر اسٹار کو آڑے ہاتھ لیا۔ کنگ خان نے صحافیوں میں ہر ایک کے ساتھ خصوصی بات چیت کا لالچ بھی دیا لیکن ان کا حربہ بھی کوئی کام نہ آیا اور صحافی ان کی تقریب ہی چھوڑ کر چلے گئے۔