الٹی میٹم موخر کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، متحدہ قومی موومنٹ

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک) وزیراعظم شہر کا امن تباہ کرنے کی سازشیں ناکام بنائیں، رابطہ کمیٹی کا بیان متحدہ قومی موومنٹ کے ترجمان نے کہاہے کہ رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان کے مشترکہ اجلاس میں ایم کیوایم کے الٹی میٹم کو مؤخر کرنے یا نہ کرنے کے حوالہ سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

ترجمان نے کہاکہ گزشتہ کئی گھنٹے سے رابطہ کمیٹی کے مشترکہ اجلاس میں مختلف امورپر تبادلہ خیال اور غوروخوض کیا جارہا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ رابطہ کمیٹی کا اجلاس بدستور جاری ہے۔ علاوہ ازیں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے ناظم آباد گلبہار سیکٹر کے کارکن محمد رضا ولد احمد حسن کے قتل کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ دہشت گرد ایم کیوایم کے کارکنوں کو مختلف طریقوں سے نشانہ بنا رہے ہیں۔

رابطہ کمیٹی نے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہر کا امن خراب کرنے کی سازشوں کو ناکام بنائیں اور محمد رضا سمیت تمام کارکنان کے قتل میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفو ر گرفتار کرکے سزا دلوائیں۔