نئی دہلی (اصل میڈیا ڈیسک) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں نریندر مودی کی پارٹی کو واضح شکست کا سامنا ہے۔ ایک مرتبہ پھر عام آدمی پارٹی نے میدان مار لیا ہے۔
نئی دہلی کی اسمبلی کے انتخابات کی ووٹنگ ختم ہونے کے بعد جاری ہونے والے ایگزٹ پولز کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی کی حکمران سیاسی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو ایک ‘بڑی اور عبرتناک شکست‘ کا سامنا ہے۔ عام آدمی پارٹی کی حکومت ختم کرنے کا بی جے پی کا خواب ادھورا رہا۔
دہلی کے نائب وزیراعلیٰ منیش سوسوڈیا نے عام آدمی پارٹی کی جیت کا ابتدائی دعویٰ کر دیا ہے۔ نئی دہلی کے مختلف علاقوں میں عام آدمی پارٹی کے امیدواروں کے پولنگ دفاتر میں پرجوش حامیوں نے جمع ہونا شروع کر دیا ہے۔
ایگزٹ پولز کے مطابق اروند کیجری وال کی سیاسی جماعت اسمبلی کے ستر رکنی ایوان میں کم از کم باون نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ بظاہر بھارتیہ جنتا پارٹی دوسری پوزیشن پر ہے لیکن کامیابی سے بہت دور ہے۔ یہی حال کانگریس کا ہے۔
سابقہ انتخابات میں کیجری وال کی سیاسی جماعت 67 سیٹیں جیت پائی تھی۔
مودی حکومت کے وزیر داخلہ امیت شاہ نے فوری طور پر بی جے پی کی میٹنگ طلب کر لی ہے۔ نئی دہلی کی ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں امیت شاہ نے ہی زور شور سے بھارتیہ جنتا پارٹی کی انتخابی مہم کی قیادت سنبھال رکھی تھی۔
مرکز میں قائم مودی حکومت کو گزشتہ پندرہ ماہ کے دوران پانچ مختلف ریاستوں کے صوبائی انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، ان میں راجستھان، مدھیہ پردیش، مہارشٹر، چھتیس گڑھ اور جھاڑکھنڈ شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے دوبارہ الیکشن جیتنے کے لیے شہری سہولیات بہتر کرنے کی بنیاد پر مہم چلائی اور دہلی کے باسیوں کو بہتر اور عوام دوست حکومت کے حق میں ووٹ ڈالنے کی درخواست کی تھی۔