دہلی میں ریاستی حکومت کی تشکیل تعطل کا شکار

India

India

نئی دلی (جیوڈیسک) بھارت میں ریاستی انتخابات کے بعد دہلی میں کوئی بھی جماعت حکومت بنانے کے لئے مطلوبہ نشستیں حاصل نہ کر سکی جس کے باعث حکومتی تشکیل کا کام رک گیا ہے۔

ریاست دہلی میں کوئی بھی جماعت حکومت کے لئے مطلوبہ 36 نشستیں حاصل نہیں کر سکی ہے۔ اپوزیشن جماعت 32 نشستوں کے ساتھ سر فہرست ہے۔ عام آدمی پارٹی 28 نشستوں کے ساتھ دوسرے جبکہ کانگریس 8 سیٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ نے حکومت کی تشکیل پر بات چیت کے لئے بی جے پی کے وزیر اعلی کے امیدوار ہرش وردھن کو بلا لیا ہے۔ دوسری طرف عام آدمی پارٹی کے سربراہ کیجری وال نے کہا ہے کہ وہ حکومت بنانے کے لئے کسی بھی جماعت کا ساتھ نہیں دیں گے۔ سر فہرست دونوں جماعتوں نے مطلوبہ نشستیں نہ ہونے کے باعث حکومت بنانے میں پہل کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق بھارت کے وزیر داخلہ سشیل کمار شندے نے کہا ہے کہ نائب گورنر حکومت سازی کے تمام امکانات پر غور کریں گے۔ فی الحال اس عمل میں وزارتِ داخلہ کا کوئی کردار نہیں ہے۔

بی جے پی اور عام آدمی پارٹی دونوں ہی یہ واضح کر چکے ہیں کہ چونکہ ان کے پاس مطلوبہ اکثریت نہیں ہے اس لیے وہ حکومت کی تشکیل کے سلسلے میں پہل نہیں کریں گے اور وہ دوبارہ انتخابات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔