دو بھارتی صحافیوں کو ایک ہفتے کے اندر پاکستان چھوڑنے کا حکم

India, Pakistan

India, Pakistan

کراچی (جیوڈیسک) امریکی اخبار ”وال اسٹریٹ جرنل“ کے مطابق پاکستان نے دو بھارتی صحافیوں کے ویزے کی تجدید سے انکار دیا۔ پاکستان کے ایک سرکاری عہدیدار کے مطابق دونوں بھارتی صحافیوں کو ایک ہفتے کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔ان صحافیوں میں سے ایک”ہندو“ اخبار کے مینا مینن اور دوسرے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے سنیش فلپ ہیں۔ دونوں صحافیوں کو پاکستان کے غیر ملکی صحافیوں کے متعلقہ وزارت اطلاعات کے محکمے ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ نے مطلع کیا ہے کہ ان کے ویزے کی تجدید نہیں کی جائے گی۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے ایڈیٹر انچیف ایم کے رازدان کا کہنا ہے کہ ہم اپنے رپورٹر کی پاکستان سے بے دخلی کی تصدیق نہیں کر سکتے۔ اس پر تبصرہ کرنے کے لئے ”ہندو“ کا کوئی سینئر اہلکار دستیاب نہیں تھا۔ بھارتی وزارت خارجہ کے نمائندے نے فوری اس پر تبصرہ سے انکار کر دیا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیاں دارالحکومتوں میں ایک دوسرے ممالک کے صحافیوں کو ذمہ داری ادا کرنے کی اجازت ہے، ان میں سے ایک نیو ز وائر جب کہ دوسرا ایک اخبار سے ہونا چاہیے۔ 2011 سے نئی دہلی میں پاکستان کا کوئی بھی صحافی نہیں ہے۔

دونوں بھارتی صحافی اگست 2013 میں پاکستان آئے اور ان کے ویزے کی میعاد نو مارچ 2014 تک تھی۔ دونوں صحافی اپنے ویزے کی معیاد کی تجدید کی درخواستیں پہلے ہی جمع کراچکے تھے۔اصل ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد انہیں عارضی طور پر رہنے کیلئے ایک لیٹر جاری کیا گیا تھا۔دونوں صحافیوں کو طلب کرکے ایک ہفتے میں پاکستان چھوڑنے کا کہا گیا ہے