تحریک انصاف لائرز ونگ کی سٹی کورٹ تا پریس کلب ریلی

PTI

PTI

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف لائرز ونگ کے تحت اسلام آباد میں دھرنے کے شرکا سے اظہار یکجہتی کے لیے سٹی کورٹ سے پریس کلب تک گو نواز گو ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکا تمام راستے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ ریلی کا آغاز سٹی کورٹ سے ہوا، ریلی ایم اے جناح روڈ سے ہوتی ہوئی کراچی پریس کلب پر ختم ہوئی۔

شرکا عمران خان کی حمایت اور نواز شریف کی مخالفت میں راستے بھر نعرے بازی کرتے رہے۔ وکلا کا کہنا تھا کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے عمران کے متوالے خان صاحب کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، عمران خان کا کراچی میں فقید المثال استقبال کیا جائے گا، عوام کا سمندر یہ ثابت کردے گا کہ تبدیلی آگئی ہے۔

اب نیا پاکستان بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔وکلا نے ریلی کے اختتام پر بجلی کے بل بھی نذر آتش کیے۔ پاکستان تحریک انصاف لائرز ونگ کے صدر ریاض آفریدی نے ریلی سے خطاب میں کہا کہ عمران خان کے مطالبات پر عمل سے ملک کے عوام کو ترقی و خوشحالی ملے گی اور کرپشن کا خاتمہ ہوجائے گا،حکومت دھاندلی کی تحقیقات کرانے سے اس لیے گھبرارہی ہے کیونکہ وہ خود دھاندلی کے ذریعے برسر اقتدار آئی ہے۔