لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں متروکہ وقف املاک بورڈ کے ملازمین نے حکومتی یقین دہانی پر احتجاجی دھرنا ختم کر دیا اور مال روڈ پر ٹریفک بحال ہو گئی۔ جمعرات کی سہ پہر مال روڈ لاہور پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے پانچ تعلیمی اداروں کے مرد اور خواتین سٹاف نے اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا دیا تھا جس کے باعث مال روڈ کو ریگل سے الحمراء چوک تک ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تھا جس سے اطراف میں ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر رہی۔
جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود نے مظاہرین سے مذاکرات کیے اور مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ دھرنا دینے والے مظاہرین کے مطابق ان کے دو مطالبات فوری تسلیم کر لیے گئے ہیں جبکہ ایک مطالبہ ڈھائی ماہ میں پورا کیا جائے گا اگر وہ پورا نہ ہوا تو ہم دوبارہ سے سڑکوں پر ہوں گے۔