لاہور (جیوڈیسک) نرسوں نے لاہور میں جاری آٹھ روزہ دھرنا ختم کر دیا ہے ، نرسوں کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے ان کے مطالبات کو تسلیم کر لیا گیا ہے جس کی وجہ سے دھرنا ختم کر رہی ہیں۔
لاہور میں ایڈہاک نرسوں نے ریگولر کرنے کے مطالبے کے ساتھ ایک ہفتہ قبل ایجرٹن روڈ پر احتجاج شروع کیا اور بعد ازاں کوپر روڈ پر دھرنا دے دیا اور چار روز تک کوپر روڈ پر دھرنا دئیے رکھا تاہم کوپر روڈ سے مال روڈ پر دھرنے کے لیے جانے والے جلوس پر پولیس کے تشدد سے نرسوں کے احتجاج میں تیزی آ گئی اور انہوں نے مال روڈ پر دھرنا دے دیا جو چار روز تک جاری رہا۔
احتجاج کے دوران حکومتی نمائندوں نے بار بار ان سے مذاکرات کئے مگر وہ نہ مانی۔ ہفتے کے روز تین سالہ کنٹریکٹ پر نرسوں کا ایک گروپ مان گیا جنہوں نے اتوار کے روز کنٹریکٹ لیٹر وصول کئے اور ڈیوٹی جوائن کر لی۔
نرسوں کا ایک گروپ پھر بھی مال روڈ پر دھرنا دیئے بیٹھا رہا اور بالا خر دھرنا دینے والی باقی نرسوں نے بھی وہی کنٹریکٹ لیٹر وصول کر لیا اور کہا کہ ہمیں کنٹریکٹ لیٹر پر تحفظات تھے جو دور ہو گئے ہیں۔اس لئے دھرنا ختم کر رہی ہیں۔
دھرنا ختم ہوتے ہی مال روڈ پر چار روز سے بند ٹریفک بھی بحال ہو گئی ہے۔