باربار نشاندہیوں کے باوجود ویروکی راجباہ کی تعمیر ومرمت کی جانب توجہ نہیں دی گئی

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) باربار نشاندہیوں کے باوجود ویروکی راجباہ کی تعمیر ومرمت کی جانب توجہ نہیں دی گئی مقامی افراد نے نہر کو گندے پانی کے جوہڑ میں تبدیل کردیا، پشتے تباہ ہونے سے راجباہ کی شناخت ختم ہو کررہ گئی ۔ متذکرہ راجباہ سے دھونکل، ویروکی،بھروکی اور دیگر دیہاتوں کی سینکڑوں ایکڑ اراضی سیراب ہوتی ہے۔

نہری پانی کے سخت قوانین کی موجودگی میں بااثر پانی چوروں اور مویشیوں کو نہلانے والے زمینداروں نے راجباہ کے جگہ جگہ سے پشتے توڑ دیئے ہیں ، مزید براں قریبی ہائوسنگ کالونیوں کے مالکان نے ذاتی سیوریج سسٹم کا بندوبست کرنے کی بجائے راجباہ کو گندے تالاب میں تبدیل کردیا ہے۔

متعلقہ نہری عملہ راجباہ کو نقصان پہنچانے والے افراد کیخلاف کاروائی کی بجائے کرپٹ اپنا حصہ لیکر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔ اخبارات میں بار بار نشاندہی کے باوجود اعلیٰ افسران کی طرف سے بھی صورتحال کی جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ عوامی،سماجی حلقوں نے ویروکی راجباہ اور دیگر نہروں کو نقصان پہنچانے والے افراد کیخلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔