کوئٹہ (اصل میڈیا ڈیسک) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کی سیاست میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ سیاست کے نام پر دھبہ ہے، پی ڈی ایم کا مقصد ایک کو گرانا اور دوسرے کو اقتدار میں لانا ہے۔
کوئٹہ کے نوجوانوں کی جماعت اسلامی میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہم اس ملک میں سیاسی نظام کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں، ہم ملک کے عدالتی اور سیاسی نظام میں حقیقی تبدیلی کے علمبردار ہیں، ہم کوئی مصنوعی تبدیلی نہیں چاہتے۔
ان کا کہنا تھا ملک میں پارلیمنٹ کا رکن کوئی عام آدمی نہیں بن سکتا، ٹکٹ صرف ان ہی کو ملتا ہے جو شہزادوں اور شہزادیوں کے لیے بیرون ملک سیر سپاٹوں کا اہتمام کرتے ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ سینیٹ کے الیکشن میں آپ نے دیکھا کہ کس طرح پارٹی ٹکٹ حاصل کیے گئے، سینیٹ الیکشن میں پارٹی لیڈرز کو خریدا گیا، سب نے دیکھا کہ جو اقلیت میں تھے وہ اکثریت میں اور اکثریت والے اقلیت میں تبدیل ہو گئے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا وزیراعظم نے خود کہا کہ ہماری پارٹی کے 16 ممبران بک گئے ہیں، میں ان کا پیچھا کروں گا۔
ان کا کہنا تھا آج جمہوریت سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کے گھروں کی لونڈی ہے، میں نے اسی وجہ سے اپنے آپ کو اس طرح کی سیاست کے کھیل سے باہر رکھا، یہ ووٹوں کا کھیل نہیں بلکہ نوٹوں کا بازار تھا۔
سراج الحق نے کہا کہ ہم ملک میں یکساں نظام تعلیم چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ صدر اور ایک غریب کا بیٹا ایک جیسا نصاب پڑھے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے بلوچستان کو بہت وسائل سے نوازا ہے مگر افسوس کی بات ہے کہ بلوچستان کے زیادہ تر لوگ صاف پانی اور صحت کی سہولیات سے محروم ہیں، بلوچستان کے 19 لاکھ بچے تعلیم سے محروم ہیں، بلوچستان میں 15 فیصد اسکول بند پڑے ہیں، بلوچستان کو حقوق سے محروم رکھا گیا ہے۔