اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ فوج سمیت تمام اداروں کو اپنے آئینی کردار میں رہنا چاہیے۔ جمہوریت کے خلاف کسی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے۔ عمران خان کی وجہ سے لاہور ہائی کورٹ میں جو کچھ ہوا وہ قابل مذمت ہے، یہ گیارہ مئی کے احتجاج کو بڑھانے اور عدالتوں پر دباو ڈالنے کی کوشش ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفت گو میں سینیٹر رضا ربانی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اپنے اداروں کا احترام کیا، ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی ہوئی، آصف علی زرداری عدالتوں میں پیش ہوئے۔ رضا ربانی نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے بارے میں جواب خورشید شاہ دے سکتے ہیں، انتخابی اصلاحات ہونی چاہئیں اور اس کے لیے فورم پارلیمنٹ ہے، سڑکیں نہیں، ماضی میں قومی اتحاد کی تحریک بھی چلی، سیاستدان ماضی کو سامنے رکھ کر فیصلہ کریں۔