اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے یوم آزادی کے موقع پر اپنے تہینتی پیغامات میں تمام پاکستانیوں کو دلی مبارک دیتے ہوئے کہا ہے۔
کہ یہ دن ہمیں برصغیر کے مسلمانوں کی اس علیحدہ وطن کے لئے جرات مندانہ جدوجہد کی یاد دلاتا ہے جہاں وہ اپنی زندگی ، باوقار اور آزادی سے اپنی مذہبی اور ثقافتی اقدار کے مطابق گزار سکیں۔
صدر ممنون حسین نے ہر پاکستانی پر زور دیا ہے کہ وہ ترقی پسند ، خوشحال اور پر امن پاکستان کے لئے متحد ہو کر پوری دلجمعی سے کام کرے اور ان تمام عناصر کے خلاف متحد ہو جائے جو ایک پر امن اور روادار معاشرے کی ساکھ کو خراب کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔
صدر ممنون حسین نے کہا کہ در حقیقت میرے لئے یہ امر بڑا باعث اطمینان ہے کہ ماضی کے کئی سیاسی اتار چڑھاؤ ، قدرتی آفات اور کئی دیگر چیلنجز کے باوجود ہم نے جمہوری خوشحالی اور ترقی یافتہ قوم بننے کے سفر میں بڑا اہم سنگ میل حاصل کیا ہے۔
صدر نے کہا کہ ہم یوم آزادی کو مناتے ہوئے اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر اور جرأت مند اہلکاروں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جو ہماری سلامتی اور علاقائی سالمیت کے لئے بڑی قربانیاں دے رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان طویل اور کٹھن آئینی جدوجہد کے نتیجہ میں قائم ہوا ، یہ شکوک وشبہات اورالجھن پیدا کرنے کا وقت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جہالت کی قوتوں سے اپنے ملک کو دوبارہ آزاد کرانا ہوگا۔ آپریشن ضرب عضب اسی سمت میں ایک قدم ہے اور قدم اس وقت اٹھایا گیا جب دیگرآپشن ختم ہوگئے۔