جمہوریت کا خاتمہ ہمارا ایجنڈا نہیں، آزادی مارچ سے سیاسی منظر بدل جائیگا: عمران

Imran Khan

Imran Khan

لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیشہ اصولی اور نظریاتی سیاست کی ہے جمہوریت کا خاتمہ ہمارا ایجنڈا نہیں 14 اگست کا آزاد ی مارچ ملک کا سیاسی منظر نامہ تبدیل کر دیگا۔

ہم ہر جماعت کو آزادی مارچ میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں لیکن کسی جماعت کے ساتھ اتحاد نہیں کیاجا رہا تحریک انصاف کے خلاف سازشیں کرنے والے اپنے عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گے۔ اپنے ایک انٹرویو میں عمران خان نے کہاکہ آزادی مارچ اقتدار کیلئے نہیں بلکہ عوام کی تقدیر بدلنے اور ایسا انتخابی نظام لانے کیلئے ہے جس میں دنیا کی کوئی طاقت عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ نہیں مار سکے گی۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف سے زیادہ کسی اور جماعت میں جمہوریت نہیں اس لئے تحریک انصاف جمہوریت سے ہٹ کر ایک قدم بھی نہیں چل سکتی اور ہم نے کبھی بھی ملک میں جمہوریت کے خاتمے کی بات نہیں کی بلکہ ملک میں ایسی جمہوریت چاہتے ہیں جس میں لوگوں کو انصاف ملے، ملک سے کرپشن، مہنگائی، بیروزگاری اور لوٹ مار جیسے مسائل کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

دریں اثنا عمران خان اسلام آباد سے لندن کیلئے روانہ ہو گئے۔ تین روزہ دورے کے دوران عمران خان شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کی فنڈ ریزنگ مہم میں شرکت کرینگے۔ بیٹوں کے ساتھ بھی وقت گزاریں گے۔