جمہوریت کی ناکامی آمریت کو صدا دے رہی ہے ‘ ایم آر پی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) جمہوریت کا مطلب عوام کے ووٹوں سے تشکیل پانے والا ایسا نظام حکومت ہے جو مساوات کے اصول کے تحت عوام کوتحفظ ‘ خوشحالی ‘ انصاف اور زندگی کی تمام سہولیات فراہم کرنے کا پابند و ضامن ہو مگر پاکستان میں قائم جمہوریت کا تو باوا آدم ہی نرالا ہے۔

یہاں جمہوریت کا مطلب اقتدار واختیار کے نشے میں بد مست ہوکر منتخب کرنے والوں کو ہی اپنی طاقت سے کچلنا ہے ۔ محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد وچیئرمین امیر پٹی نے کہا کہ جس جمہوریت میں عوام کو نہ تو زندگی گزارنے کی سہولتیں حاصل ہوں ‘نہ انہیں انصاف مل رہا ہواور نہ ہی وہ خود کو محفوظ تصور کررہے ہوں بلکہ حکمران اپنے مفادات کیلئے دہشتگردوں ‘ مافیاز ‘ جرائم پیشہ عناصر اور پولیس کے ذریعے ان کا شکار کرنے لگیں۔

سیاستدان اپنے مفادات کیلئے عوام کو سڑکوں پر لاکر دھرنوں ‘ ریلیوں ‘ جلسوں اور احتجاج وہڑتال کے ذریعے انہیں روزی و روٹی سے محروم کریں تو ایسی جمہوریت سے آمریت ہزار درجہ بہتر ہے اور پاکستان آج ایسے ہی حالات سے دوچار ہے جہاں حکمرانوں اور سیاستدانوں کے اعمال ‘ افعال ‘ اقدامات و پالیسیوں نے عوام کو جمہوریت کے نام سے بھی خوفزدہ کردیا ہے اور ان کی خواہش ہے کہ جنرل راحیل شریف انہیں جمہوریت کے اس عذاب سے نجات دلاکر ملک اور قوم دونون کے مستقبل کو محفوظ بنائیں۔

Karachi News

Karachi News