لاہور (جیوڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں قائم بلاول ہاوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نواز شریف اور عمران خان پر تنقید کی۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ لوگوں کو غلط فہمی ہے کہ انہوں نے پہلے نواز شریف کا ساتھ دیا تھا۔ جمہوریت آہستہ آہستہ مضبوط ہوتی ہے، جمہوریت کو آگے بڑھتا دیکھنا چاہتے ہیں، جمہوریت کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں۔
“ہم نے پارلیمنٹ اور جمہوریت کا ساتھ دیا تھا، ہم پارلیمنٹ اور جمہوریت کے ساتھ ہیں، شریف خاندان اگر پیپلز پارٹی کی طرف سے ریلیف چاہتے ہیں تو نہیں مل سکتا۔”
پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین نے کہا کہ سیاست میں کوئی آخری بات نہیں ہوتی۔ وہ میاں صاحب کے خاندان کو سیاست میں نہیں دیکھ رہے۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ امریکہ میں تھے تو میاں صاحب کے ساتھ تعلقات تھے لیکن تعلقات وہ ہوتے ہیں جن میں رابطے برقرار رہیں، چار سال بعد بھائی بھی فون کرئے تو دوسرا بھائی نہیں اٹھاتا۔
“نواز شریف سے کوئی فائدہ لیا، نہ ہی لوں گا، میری جمہوریت کے ساتھ دوستی تھی، میاں صاحب کے ساتھ کبھی پائے نہیں کھائے۔”
سابق صدر نے مزید کہا کہ عمران خان فی الحال فل ٹاس پر کھیل رہے ہیں، جب وہ نو بال پر آئینگے تو دیکھیں گے۔ بی بی شہید نے بائیس سال کی عمر میں سیاست شروع کی تھی جبکہ آج کل غیرسیاسی لوگ سیاست میں ہیں۔
پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ قوم جانتی ہے نواز شریف معصوم نہیں ہیں بلکہ مجرم ہیں، عدالت نے انہیں نااہل کر کے نکالا ہے۔ وہ پیپلز پارٹی کی مہم اور ذوالفقار علی بھٹو کے نظریے کیلئے ملک کے کونے کونے میں جائینگے۔
“ہم ہمیشہ سے کہتے آرہے ہیں کہ احتساب سب کا ہونا چاہیے، ایسا لگتا ہے یہ قانون صرف پی پی پی کے لیے ہے، ملک میں سب کو پتہ ہے نواز شریف معصوم نہیں ہیں۔”
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان کی جماعت قومی اسمبلی کے حلقہ ایک سو بیس میں بھرپور طریقے سے شرکت کریگی۔