فیصل آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر اسد معظم نے کہا ہے کہ بلاول کی اگر نیت صاف ہے اور وہ کرپٹ حکمرانوں سے چھٹکارہ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو تحریک انصاف ان کے ساتھ شریک تحریک ہوسکتی ہے اگر جمہوریت کے نام پر شریفوں کو بچانے کیلئے کوئی ڈرامہ کھیلا گیا تو عوام انہیں ہر سطح پر مسترد دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی او آرز پر حکومتی عدم سنجیدگی نے بہت سے سوالات اٹھادیئے ہیں ‘ حکمرانوں کی خراب نیب سے معلوم ہوتا ہے کہ دال میں کچھ کالا نہیں بلکہ پوری دیگ ہی کالی ہے’ اگر نوازشریف سے احتساب شروع ہوگیا تو صرف یہ دو بھائی یا ان کی فیملی ہی نہیں بلکہ بڑے بڑے شریف بے نقاب ہوںگے۔
انہوں نے کہا کہ کس قدر بدقسمتی کی بات ہے کہ وزیراعظم ملک میں موجود نہیں ہیں جبکہ عرصہ 3 برسوں میں کوئی وزیرخارجہ مقرر نہیں کیاجاسکا شائد پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو وزیراعظم اور خارجہ کے بغیر چل رہا ہے کسی کو یہ معلوم نہیں کہ وزیراعظم کے اختیارات کون استعمال کررہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مریم نواز ایوان وزیراعظم میں بیٹھ کر مملکت کے امور چلا رہی ہیں تو ایک غیر منتخب فرد کس طرح وزیراعظم کے اختیارات استعمال کرسکتا ہے لہٰذا غیر آئینی حکومت اب غیر قانونی اقدامات کرکے ملک میں بے چینی پھیلارہی ہے۔
یوں محسوس ہوتا ہے کہ عید کے بعداب حکمرانوں کا چل چلائو ہو ہی جائے گا۔