اسلام آباد (جیوڈیسک) ترقیاتی پالیسی کی وجہ سے معاشرہ ترقی نہیں کرسکا، عوام سب بہتر جانتے ہیں کہ انہیں کس طرح کی ترقی چاہئے ، قومی اسمبلی میں نوجوانوں کی 35 فیصد نشستیں ہونی چاہئیں، ملک میں جمہوریت کیلئے ضروری ہے کہ سیاسی جماعتوں کے اندر جمہوریت ہو، پاکستان میں بتدریج ترقی ممکن نہیں بلکہ ایک بڑی تبدیلی لانا ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے ’’ادارہ برائے مستحکم ترقی‘‘کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تحریک انصاف کے ایم این اے اسد عمر نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں جتنی بھی ترقی ہوئی منصوبہ بندی کے بغیر ہوئی، حالانکہ بڑے ٹیکنو کریٹس اور معاشی ماہرین کے مقابلے میں عوام زیادہ بہتر جانتے ہیں کہ انہیں کس طرح کی ترقی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کیلئے ضروری ہے کہ سیاسی جماعتوں کے اندر بھی جمہوریت موجود ہو تاہم یہ ثابت شدہ ہے کہ یہاں ارتقائی عمل کے ذریعے بتدریج ترقی ممکن نہیں بلکہ ایک بڑی تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے کیونکہ اگر گاڑی گڑھے میں پھنس جائے تو اسے جھٹکے سے نکالنا پڑتا ہے۔