لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ چند ہزار لوگوں کے دھرنے سے کروڑوں لوگوں کی مینڈیٹ والی پارٹی کو گھر نہیں بھیجا جا سکتا۔
سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کے موقع پر انھوں نے کہا کہ دھرنے والوں کے آئینی مطالبات مان لیے گئے ہیں۔
جمہوریت کے خلاف اقدامات برداشت نہیں کریں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پوری قوم کا مینڈیٹ لینے والی جماعتیں یرغمال نہیں بن سکتیں۔ یہ ایک ہیجانی کیفیت ہے چند روز میں ختم ہو جائے گی۔ سب چیزیں جلد قوم کے سامنے آ جائیں گی۔
انھوں نے کہا کہ جب میں عمران خان صاحب سے ملا تو سب باتیں کھل کر ہوئیں لیکن سمجھ نہیں آئی کہ ایک دم ہیجانی کیفیت کیسے سامنے آ گئی لگتا ہے طاہر القادری اور عمران خان کو ایک ہی رات دھاندلی کا خواب آیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے جو مطالبات پیش کیے وہ ہماری پارٹی کا منشور ہیں اور ہمیں خوشی ہوئی کہ وہی اصلاحات انھوں نے پیش کیں، اگر تحریک انصاف مطالبہ نہ بھی کرتی تو ہم نے یہ اصلاحات ضرور کرنا تھیں۔
انھوں نے کہا کہ دھرنوں نے پاکستان کی ترقی کو بے پناہ نقصان پہنچایا، پہلے مالدیپ کے صدر پھر سری لنکا کے صدر نے دورہ پاکستان ملتوی کیا اور اب چین کے صدر نے دورہ پاکستان کرنا ہے۔ کمیشن کے لیے سپریم کورٹ کو درخواست دے دی ہے ، دھرنوں کی ہیجانی کیفیت چند دن میں ختم ہو جائے گی۔