جمہوریت پسند ان حالات کا سدباب کریں جن کی وجہ سے قوم اب فوج کی جانب دیکھ رہی ہے
Posted on August 29, 2013 By Geo Urdu کراچی
کراچی جمہوریت کا مطلب عوام کے ووٹ سے عوام کی ایسی حکومت ہے جو عوام کے تحفظ و خوشحالی کیلئے اپنا کردار دیانتداری فرض شناسی اور ذمہ داری سے ادا کرے مگر جب دیانتداری کا فقدان ہو فرض شناسی سے منہ موڑ لیا جائے ذمہ داری کی ادائیگی میں تساہل مانع آجائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ سے گریز اس مقام پر پہنچ جائے کہ جرائم عام ہو جائیں اور تحفظ کے ضامن ادارے اپنی فعالیت کھوکر عوامی اعتماد سے محروم ہو جائیں تو جمہوریت کی افادیت ختم ہوجاتی ہے۔
نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فانڈیشن کے چیئرمین عمران چنگیزی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب لاشے گرتے ہیں جنازے اٹھتے ہیں سڑکوں پر انسانی لہو بہتا ہے سروں سے چادریں چھننے لگتی ہیں اور انسان اپنے ہی شہر اور اپنے ہی گھر کی چار دیواری میں بھی خود کو غیر محفوظ تصور کرنے لگتا ہے تو پھر اسے جمہوریت و آمریت سے زیادہ اپنی اور پنے اہل خانہ کی جان کی فکر ستاتی ہے۔
ان حالات میں اگر قوم فوج کی جانب دیکھتی ہے تو یہ جمہوریت سے قوم کی نفرت یا جمہوریت کیخلاف سازش نہیں بلکہ فوج قوم کے اعتماد کا اظہار جان و مال کے تحفظ کی فطری خواہش ہوتی ہے کیونکہ فوج وہ قومی ادارہ ہے جس کی دیانتداری فرض شناسی تنظیم سازی حالات سے نمٹنے بے مہار قوتوں کو مہار ڈال کر آئین وقانون کے دائرے میں۔
لانے اور امن و امان قائم کرکے عوام کو احسا س تحفظ فراہم کرنے کی صلاحیت ہر قسم کے شکوک و شبہات سے بالاتر ہے اسلئے قوم کی اس خواہش کو جمہوریت کیخلاف سازش یا غداری قرار دینے سے بہتر ہے ایسے حالات کا سدِ باب و تدارک کیا جائے جن کی وجہ سے قوم فوج کی جانب دیکھنے اور اس سے مداخلت کی اپیل پر مجبور ہو۔