کراچی : آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے چیف آرگنائزر شہاب الدین شاہ حسینی نے آرگنائزنگ سیکریٹری شاہد قریشی کے ہمراہ سابق وزیر اعلیٰ سندھ و سینئر مسلم لیگی رہنمااور سندھ کی قد آور سیاسی شخصیت سید غوث علی شاہ سے ملاقات کر کے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں سیاسی رہنماوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جمہوریت کے ثمرات سے عوام کو فیضیاب کرنے کیلئے انتخابی نظام کی اصلاح اور دھاندلی سے پاک انتخابی نظام کے ساتھ کرپشن و استحصال سے پاک انتظامی نظام بھی ضروری ہے کیونکہ جمہوریت کے نام پر عوامی خواہشات اور قومی مفادات سے گریز کی روایت وطن عزیز کو ایکبار پھر 1971ءکے دوراہے پر لے جارہی ہے۔
سید غوث علی شاہ سے ملاقات اور قومی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کے بعد اے پی ایم ایل سندھ کے چیف آرگنائزر شہاب الدین شاہ حسینی نے دورہ ¿ سندھ مکمل کرتے ہوئے حیدرآباد ‘ سکھر ‘ میرپور خاص‘نو شہرو فیروز اور دیگر اضلاع میں تنظیم سازی معاملات کی دیکھ بھال کے علاوہ یکم اکتوبر کومنائے جانے والے آل پاکستان مسلم لیگ کے یوم تاسیس کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
اے پی ایم ایل کے ترجمان و سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سید کے مطابق اے پی ایم ایل کا یوم تاسیس یکم اکتوبر کو ملک بھر میں مکمل و جوش و جذبے سے منایاجا ئے گا جس کی مرکزی تقریب کراچی میں ہوگی جس سے اے پی ایم ایل کے قائد پرویز مشرف خطاب کریں گے جبکہ شہاب الدین شاہ حسینی نے سندھ کے تمام اضلاع میں بھی یوم تاسیس کی تقریبات کے انعقاد کا بڑے پیمانے پر اہتمام کیا ہے۔