واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ گذشتہ 15 برسوں کے دوران افغانوں نے ’’بے انتہا پیش رفت حاصل کی ہے‘‘، جن میں تعلیم، صحت، زیریں ڈھانچہ، خواتین کے حقوق، مواقع اور آزادی ِصحافت میں آنے والی اہم بہتری شامل ہے۔
اُنھوں نے یہ بات افغانستان کے یومِ آزادی کے موقع پر ایک پیغام میں کہی ہے۔
جان کیری نے کہا ہے کہ’’صدر اوباما اور امریکی عوام کی جانب سے 19 اگست کو افغانستان کے 97ویں یوم آزادی کے موقع پر میں آپ، حکومت اور افغانستان کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں‘‘۔
اُنھوں نے کہا کہ افغانستان کو لاحق کئی ایک چیلنجوں اور متعدد نوعیت کی قربانیوں کے باوجود، بہت سی کامیابیاں نصیب ہوئی ہیں، جِن پر جشن منایا جاسکتا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ’’جمہوریت اور محفوظ مستقبل کی جانب افغانستان پیش رفت جاری رکھے ہوئے ہے‘‘۔
اُن کے الفاظ میں ’’ایسے میں جب آپ اپنی کئی ایک کامیابیوں کو سر بلند کیے ہوئے ہیں، ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں؛ ہم آپ کو سلام پیش کرتے ہیں، ہم آپ کی سخت محنت کی قدر کرتے ہیں اور آئندہ برسوں کے دوران آپ کے آگے بڑھنے کے جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں‘‘۔
اُنھوں نے کہا کہ ’’افغانوں کے لیے ہمارا عزم پختہ ہے، اور ہم دونوں ملکوں کے مابین دوستی کے رشتوں کو مزید مضبوط کرنے کے متمنی ہیں‘‘۔