جمہوریت کا تحفظ کرنے میں اپنی ذمہ داری پوری کریں گے : آصف زرداری

 Asif Ali Zardari

Asif Ali Zardari

دبئی (جیوڈیسک) آصف علی زرداری کہتے ہیں کہ جمہوریت کے تحفظ کے لیے پیپلز پارٹی اپنی ذمہ داری اد ا کرے گی۔ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے، آئین کو مکمل سپورٹ کریں گے۔ پیپلز پارٹی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس دبئی میں ساڑھے چار گھنٹے جاری رہنے کے بعد ختم ہو گیا۔

کمیٹی نے پاکستان کی سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہارکیا تا ہم فیصلہ کیا کہ موجودہ حالات میں آئین اور جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ پیپلزپارٹی کی قیادت کا کہنا تھا کہ پاکستان سپریم اور آئین کی بالادستی ترجیح ہے۔ سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں بحران کو سیاسی انداز سے حل کرنے پر غور کیا گیا۔

تحریک انصاف اور عوامی تحریک کی جانب سے استعفوں کے مطالبے پرناپسندیدگی کا اظہار کیا گیا۔ مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ آج دبئی جائیں گے جہاں وہ پارٹی قیادت کو نواز شریف اور دیگر جماعتوں سے رابطوں پر اعتما د میں لیں گے۔ کمیٹی نے بدلتی صورتحال میں فیصلوں کا اختیار آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کو دے دیا ہے۔

آصف علی زرداری جمعرات کے روز بھی پارٹی رہنماوں سے انفرادی ملاقاتیں کریں گے جبکہ پیپلزپارٹی اجلاس کے حوالے سے باضابطہ پریس ریلیز آج جاری کرے گی۔