جمہوریت کی مضبوطی کیلیے قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانا ہوگا، چیف جسٹس

Tasadduq

Tasadduq

ملتان (جیوڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس تصدق حسین جیلانی نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کے لیے قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانا ہوگا۔

کوئی بھی جمہوریت جیو اور جینے دوکے اصول کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتی۔ یہ بات انہوں نے ملتان ہائی کورٹ بار کے سالانہ عشائیے سے خطاب کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی جمہوریت جیو اور جینے دو کے اصول کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتی۔

وکلا، امن، اجتماعیت اور برداشت کے فروغ میں بہتر کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کو روکنے اور احتساب کو فروغ دینے کے لیے شہریوں کی معاونت کی ضرورت ہے۔ اداروں کی مضبوطی، جمہوری کلچر کے فروغ اور معاشرے کے غیر جمہوری عناصر کی حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ اگر ہم ملک میں جمہوریت کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں تو قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانا ہوگا۔ عدلیہ کی تحریک میں عوام نے آزاد اور غیر جانب دار عدلیہ اور فوری انصاف کا جو خواب دیکھا اس کی تعبیر کی ضرورت ہے۔