جمہوری قوتیں مل کر جمہوریت پر حملےکو ناکام بنائیں گی: چوہدری یاسین

Muzaffarabad

Muzaffarabad

مظفر آباد (جیوڈیسک) آزاد جموں و کشمیر کے سینئر وزیر چوہدری یاسین نے کہا ہے کہ جمہوری قوتیں مل کر ملک میں جمہوریت پر ہونے والے حملے کو ناکام بنائیں گی، پاکستان میں سیاسی عدم استحکام کے خواہشمند غیر ملکی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں پاکستان کے عوام اغیار کے ایجنٹوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ہمارا مستقبل لندن پلان نہیں بلکہ جمہوریت ہے، شبخون مارنے کی کوشش کرنے والے مایوس ہونگے، آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی عوامی مسائل حل کرنے کے لئے اقتدار میں آئی ہے، ایک روشن، باوقار مستقبل کے لئے کردار ادا کرنا چاہتے ہیں

سابقہ ادوار میں آزاد کشمیر کو مسائلستان بنایا گیا،پیپلز پارٹی کی حکومت اپوزیشن کے تعاون سے تعمیری انقلاب لانے کا عزم رکھتی ہے۔ وہ جمعہ کو یہاں لوکل گورنمنٹ بورڈ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ آزاد کشمیر کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنی کارکردگی سے یہ واضح کر دیا کہ پانچ سال میں ہم آزاد کشمیر بھر میں تعمیری انقلاب لانے کا عزم رکھتے ہیں، اس لئے اپوزیشن سمیت ہمارے دیگر مخالفین حکومت کے اقدامات سے خوفزدہ ہیں ۔قبل ازیں آزادجموں وکشمیر لوکل گورنمنٹ بورڈز کا 2014-15 کا بجٹ منظور کر لیا گیا جو 4 کروڑ 11 لاکھ 81 ہزار 892 روپے مالیت کا ہے ’نظرثانی بجٹ 3 کروڑ 31 لاکھ 58 ہزار روپے ہے۔

چوہدری یاسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اخراجات کم کر کے آمدن میں اضافہ کیاجائے، جائز ضروریات کاخیال رکھا جائے۔