کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ میں وزیراعظم میاں نواز شریف کی اسمبلی اجلاسوں میں عدم شرکت کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کئے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے پاکستان سولنگی اتحاد کے سینئر و بزرگ رہنما امیر سولنگی ‘ سردار اکرم سولنگی ‘ سردارشبیر سولنگی ‘ سردار راحیل سولنگی ‘ سردار خادم حسین سولنگی و دیگر نے کہا ہے کہ اگر وزیراعظم ملک و قوم کو مسائل و مصائب اور بحرانوں سے نجات دلانے کی نیک نیتی کے ساتھ بیرون ممالک دوروں اور معاہدوں کے باعث اسمبلی اجلاسوں میں اجلاس نہیں کر پا رہے تو یہ قابل اعتراض بات نہیں مگر غیر جمہوری طرز عمل و آمرانہ رویہ کا اظہار ضرور ہے کیونکہ ملک و قوم کے مستقبل کے حوالے سے داخلی و خارجی پالیسی کی تشکیل کیلئے ہی جمہوری پارلیمان کا انتخاب کیا جاتا ہے۔
پارلیمان اکثریت رائے سے فیصلوں کے ذریعے ان پر عملدرآمد کا اختیار وزیراعظم کو دیتی ہے اسلئے ایوان میں عدم حاضری پارلیمان اور پارلیمنٹرین کی ہی نہیں بلکہ مینڈیٹ دینے والے عوام کی بھی توہین ہے جس سے وزیر اعظم کو یقینا گریز کرنا چاہئے کیونکہ ہر بیرونی دورے ‘ فیصلے اور معاہدے سے قبل پارلیمان کے ذریعے قوم کواعتماد میں لینا ہی جمہوری مینڈیٹ کا تقاضہ ہے۔