کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 26 کوئٹہ تھری میں ضمنی انتخاب میں ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار قادر علی نے کامیابی حاصل کر لی۔
ضمنی انتخاب میں پولنگ کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے اور مختلف پولنگ اسٹیشنز پر پولیس اور ایف سی اہلکار تعینات تھے جب کہ پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔
بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 26 کے ضمنی انتخاب میں تمام 49 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیرحتمی نتیجہ کے مطابق ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے قادر علی نائل 5272 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے۔
جمعیت علمائے اسلام کے مولانا ولی ترابی 4258 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے جب کہ مجلس وحدت مسلمین کے آغا رضا 2426 ووٹ لیکر تیسری پوزیشن پر ہیں۔
یاد رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں اس نشست پر ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی کے احمد کوہزاد کامیاب ہوئے تھے اور مخالف امیدوار کی جانب سے شہریت چیلنج کیے جانے پر الیکشن کمیشن نے افغان شہری ہونے پر انہیں نااہل قرار دیا تھا۔