ڈیمو کریٹک ریپبلک آف کانگو کے باغیوں نے ہتھیار ڈال دینے کا اعلان کر دیا

Rebel

Rebel

کنشاسا (جیوڈیسک) ڈیمو کریٹک ریپبلک آف کانگو کے باغیوں نے ہتھیار ڈال دینے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ امریکہ سمیت دیگر ممالک نے باغیوں کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔ باغیوں کا یہ اقدام اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ فوج کی طرف سے ملک کے قدرتی معدنی وسائل سے مالا مال شورش زدہ مشرقی علاقے میں کئے جانے والے ایک بڑے کریک ڈائون کے بعد سامنے آیا ہے۔

کانگو کے باغیوں کی M23 موومنٹ کی طرف سے دیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ”ہم اپنی بغاوت ختم کر رہے ہیں اور آئندہ اپنے مقاصد کے حصول کے لیے خالصتاً سیاسی طریقہ کار استعمال کریں گے”۔ اس اقدام سے 18 ماہ کے اندر اس قدرتی وسائل سے بھرپورعلاقے کو تباہ کر دینے والی شورش کا خاتمہ ممکن ہوا ہے۔ گزشتہ کئی برسوں سے کانگو افریقہ کے مہلک ترین تنازعات کا مرکز بنا ہوا تھا۔ اس سے پہلے کنشاسا حکومت نے دو پہاڑیوں پر قبضے کے بعد M23 باغیوں کے خلاف مکمل فتح کا دعویٰ کیا تھا۔ 25 اکتوبر کو کانگو کی فوج نے باغیوں کے خلاف ایک بڑے آپریشن میں درجنوں جنگجوئوں کو پہاڑی علاقوں میں دھکیل دیا تھا۔

کانگو کے ایک حکومتی ترجمان اور مواصلاتی وزیر لیمبرٹ مینڈی نے ایک بیان میں کہا کہ یہ DRC کی ایک مکمل فتح ہے۔M23 کے باغیوں کے آخری باقی ماندہ ساتھی بھی اپنی جگہوں سے چلے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بہت سے باغی پڑوسی ملک روانڈا کی طرف فرار ہو گئے ہیں۔