جمہوری حق پر جبر تشدد کا باعث بن رہا ہے آل پاکستان مسلم لیگ

APML

APML

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پتھرائو جلائو گھیرائو اور پر تشدد واقعات چونکہ ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہیں اسلئے ایسے واقعات کی کسی طور حمایت نہیں کی جاسکتی۔

مگر انتخابی دھاندلی و کرپشن کیخلاف پر امن احتجاج ‘جلسے ‘ جلوس اور دھرنے سیاسی جماعتوں کا جمہوری حق ہیںاسلئے اس حق کو ریاستی تشدد کے ذریعے کچلنا یا ان کیخلاف پر تشدد سازشیں کرنا کسی بھی طورجمہوری طرز عمل نہیں کہلایا جاسکتا۔

نہ ہی ایسے اقدامات کی حمایت کی جاسکتی ہے اور نہ ریاستی جبرو تشدد کو قانونی وآئینی قرار دے سکتا ہے ۔یہ بات آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے صدر شہاب الدین شاہ حسینی نے ترجمان و سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سید ‘مرزا افتخار بیگ‘سرفراز اورعمران غوری و دیگرکے ہمراہ لیاقت آباد میں کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اے پی ایم ایل رہنمائوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد میں تحریک انصاف کے کارکنوں پر نامعلوم افراد کی فائرنگ قابل مذمت ہی نہیں بلکہ سیاست میں تشدداور حکمرانوں کے آمرانہ طرز عمل وجابرانہ فطرت کا اظہار اور اس بات کا ثبوت ہے کہ حکمران خوف کا شکار ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ جس طرح اقتدار میں آئے ہیں اسی طرح ان کی رخصتی نزدیک ہے اسلئے وہ ظلم و جبر کا ہر ہتھکنڈہ اپنارہے ہیں۔

مگر ان کی یہی روش ان کے اقتدار کے تابوت کی کیلوں میں ڈھلتی جارہی ہے اور مشرف کی قیادت میں پاکستان و عوام کی فلاح ‘ ترقی اور استحکام کی سیاسی وجمہوری جدوجہد میں مصروف عمل آل پاکستان مسلم لیگ کی بڑھتی ہوئی عوامی و سیاسی حمایت اس بات کا اظہار کررہی ہے کہ آنے والا دور پرویز مشرف کے اقتدار ‘ اختیار و اقتدار میں عوامی شمولیت ‘ حقیقی جمہوریت اور عوام کی ترقی و خوشحالی کے ساتھ پاکستان کے استحکام کا دور ہے۔