اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ جمہوری نظام کے علاوہ کوئی نظام ملک کو مضبوط نہیں رکھ سکتا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم اپوزیشن کے مارچ سے ہم گھبرا نہیں رہے، اپوزیشن نے مارچ کرنا چاہا تحریک انصاف کی قیادت نے مذاکرات کرلئے اور مارچ کے شرکاء لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ اپنا جمہوری حق استعمال کریں گے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاسی پختگی کا آغاز ہو چکا ہے، 73 کے آئین پر تمام جماعتوں کا اتفاق ہے جو خوش آئند ہے اور جمہوری نظام کے علاوہ کوئی نظام ملک کو مضبوط نہیں رکھ سکتا جب کہ ماضی میں انٹرنیشنل میڈیا پاکستان پر تنقید کرتا تھا لیکن آج بین الاقوامی میڈیا کی توپوں کا رخ ہندوستان کی طرف مڑ چکا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی یکے بعد دیگر ان کی کلی کھلتی جارہی ہے، بھارت کا بیانیہ عالمی سطح پر پٹ رہا ہے، ہر دیہاتی اور شہری ہندوستان کے اقدامات کو مسترد کررہا ہے لیکن دوسری جانب مسئلہ کشمیر پر ہمارے بیانیے کو عالمی سطح پر تقویت ملی، انسانی حقوق کی عالمی تنظمیں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کررہی ہیں، 54 سالوں کے بعد مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی حیثیت ملی۔