امریکہ (جیوڈیسک) امریکہ میں صدارتی انتخاب کے لیے ایک ہفتے سے بھی کم وقت رہ گیا ہے اور رائے عامہ کے جائزوں میں حریف امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھا جا رہا ہے۔
ایسے میں رپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو دیر گئے وسکونسن کے علاقے اوو کلیئر میں خطاب کرتے ہوئے ایسے ڈیموکریٹک ووٹرز جو اپنا ووٹ ڈال چکے ہیں، پر زور دیا کہ وہ اپنا فیصلہ بدلنے کے لیے ریاست کے انتخابی قوانین کا فائدہ اٹھائیں۔
ایسے ہی درخواست انھوں نے بعض دیگر ریاستوں میں بھی اپنے تقاریر کی دوران کی تھیں۔
پنسلوینیا میں بھی اپنے مختصر قیام کے دوران اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر وہ منتخب ہوتے ہیں تو وہ اوباما کیئر کے طور پر پہچانے جانے والے صحت عامہ کے ایک قانون کی منسوخی کے لیے کانگریس کے خصوصی اجلاس کا مطالبہ کریں گے۔
انھوں نے اس پروگرام کو تباہ کن قرار دیتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ وہ ایک نیا منصوبہ پیش کریں گے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے “ایف بی آئی” کے ڈائریکٹر جیمز کومی نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ ان کے ایجنٹس ہلری کلنٹن کی نئی ای میلز جائزہ لے رہے ہیں جو انھوں نے بطور وزیر خارجہ سرکاری امور کے لیے نجی ای میل سرور استعمال کرتے ہوئے کی تھیں۔