فیصل آباد (جیوڈیسک) ڈی سی اونورالامین مینگل نے کہا ہے کہ شہریوں کو آمدورفت کی سہل سہولتیں فراہم کرنے کے لئے شہر کے مختلف حصوں میں لنک روڈز کی تعمیر کے ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد کیا جارہا ہے جس کے تحت مختلف لنک روڈز اور راستوں کو کشادہ کیا جارہا ہے۔
سمندری روڈ سے بٹالہ کالونی کو لنک کرکے شاہراہ اتحاد کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حسینیہ چوک پیپلز کالونی نمبر 2 سے سمندری روڈ تک زیر تعمیر روڈ‘‘شاہراہ اتحاد’’سابقہ خان سٹریٹ پر کام کی رفتار کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ ڈی او (روڈز) عبدالخالق اور دیگر افسران بھی تھے۔
انہوں نے کہاکہ جھال چوک میں صوفی برکت علی انڈر پاس کی تعمیر کے سلسلے میں ٹریفک کی روانی کے لئے متبادل راستوں کو کلیئر کیا گیا ہے جبکہ شاہراہ اتحاد کو بھی 11 فٹ سے 45 فٹ تک چوڑا کرکے پائیدار سڑک کی تعمیر کے منصوبے پر کام جاری ہے جس کے لئے فیکٹری مالکان نے جگہ کی فراہمی میں بھر پور تعاون کا مظاہرہ کیا ہے جس سے ستیانہ روڈ کے متوازی ایک کشادہ لنک روڈ کی سہولتیں حاصل ہوں گی۔