کراچی (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر میں ڈینگی و کانگو وائرس کے خاتمے کیلئے ایک ماہ کی خصوصی مہم شروع کرنے کافیصلہ کیا ہے، اس دوران 30 گاڑیاں روزانہ کی بنیاد پر جراثیم کش اسپرے کریں گی اور دیگر احتیاطی تدابیر اور اقدامات بھی کیے جائیں گے جس کے تحت شہر کے مختلف تالابوں، نالو ں اور جہاں جہاں پانی کھڑا ہو وہاں ایک لاکھ سے زائد گپی مچھلیوں کو چھوڑا جائے گا جو مچھروں کے انڈوں کے خاتمے کے لئے استعمال کی جاتی ہیں۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤ ف اختر فاروقی نے منگل کی شام صدر کے علاقے میں خصوصی مہم کا افتتاح کیا۔ دریں اثناء محکمہ صحت اور میونسپل سروسز کے افسران کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ ڈینگی، کانگو اور دیگر بیماریوں کے جراثیم کے خاتمے کیلئے بلدیہ عظمیٰ کراچی نے جس مہم کا آغاز کیا ہے وہ ان کے خاتمے تک جاری رہے گی، اگر ضرورت محسوس ہوگی تو ایک ماہ کے بعد اس مہم میں توسیع کردی جائے گی۔