ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی /تحصیل رپورٹر) مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ڈینگی کا خاتمہ ہمارا قومی فریضہ ہے،اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف روزانہ کی بنیاد پر اقدمات کا جائزہ لے رہے ہیں، تاکہ آنے والی نسلوں کو اس مہلک بیماری سے محفوظ رکھا جاسکے،ان خیالات کا اظہار انھوں نے واہ کینٹ دورہ کے موقع پر انسداد ڈینگی کے سلسلے میںکینٹ بورڈ انتظامیہ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران اپنے خطاب میں کیا۔
اس موقع پر ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمود گوندل،اسٹیشن کمانڈر واہ کینٹ حسیب اعظم،کینٹ ایگزیکٹیو آفیسر واہ کینٹ عمر صدیق چوہدری ،ای ڈی او ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر ارشد کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے،مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ ڈینگی کے مکمل خاتمہ کے لئے حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ عوامی شعور کی بیداری بھی بے حد ضروری ہے،تاکہ شہریوں میں ڈینگے سے ڈرنے کی بجائے اس سے لڑنے کا جذبہ بیدار ہوسکے،تاکہ وہ اپنے ارد گرد علاقوں اور گھروں میںڈینگی لاروا کی افزائش نسل کو روکنے کے طریقوں سے آگاہی حاصل کرسکیںاس موقع پر انھوں نے کینٹ انتظامیہ واہ کینٹ کو خصوصی ہدائت جاری کیں کہ وہ ڈینگی سے متاثرہ علاقوں پر خصوصی توجہ دیں جبکہ ان علاقوں میں فاکنگ اور سپرے کروائیں،جبکہ اس موقع پر ان علاقوں کو کلیر کرنے کے لئے خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی گئیں،انکا کہنا تھا کہ ڈینگی کے خاتمہ کے لئے حکومت کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے،انھوں نے ہدائت جاری کی کہ ان علاقوں میں ٹائر شاپوں ، ہوٹلوں ، زیر تعمیر مکانوں ، اور کباڑ خانوں پر نظر رکھی جائے۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پی پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے،انکا کہنا تھا کہ خلاف ورزی کے مرتکب مقامات کو سیل کر کے ذمہ دار افراد کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں،انھوں نے ڈینگی آگاہی مہم کو گھر گھر پہنچانے اور مہم کو تیز کرنے کی خصوصی ہدائت کی،شہری علاقوں میں مساجد کے زریعے جبکہ کالجز اور سکولوں میں لیکچرز کے زریعے شعور بیدار کیا جائے، مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر ٹیکسلا شاہد عمران مارتھ کے دفتر میںمنعقدہ انسداد ڈینگی اجلاس میںتحصیل انتظامیہ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا،اور اپنے مکمل اطمنان کا اظہار کیا ، قبل ازیں انھوں نے واہ کینٹ میں تعمیر ہونے والے جنرل ہسپتال کے تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا۔