ڈینگی کی افزائش، 10 یونین کونسلز انتہائی خطرناک قرار

Dengue

Dengue

فیصل آباد (جیوڈیسک) موسم کی تبدیلی اور حالیہ بارشوں کے باعث ڈینگی مچھر کی افزائش کا خطرہ بڑھ گیا۔ محکمہ صحت نے شہر کی دس یونین کونسل کو ڈینگی مچھر کے حوالے سے انتہائی خطرناک قرار دیدیا۔جن یونین کونسلز کو خطرناک قرار دیا گیا ہے ان میں یونین کونسلز 281 ،280، 279، 247، 245، 242، 211، 210، 209 اور 282 شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ یونین کونسلز میں کباڑ خانوں،ٹائر شاپس فیکٹریوں اور کارخانوں کے مالکان کی طرف سے صفائی کے خاطر خواہ انتظامات نہیں کئے جاتے اور کباڑ خانوں کی مشینری کھلے آسمان تلے پڑی رہتی ہے۔

بارش کے باعث ان میں پانی جمع ہونے سے ڈینگی مچھر کی افزائش کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔محکمہ صحت نے کباڑ خانہ اور ٹائر شاپس کے مالکان کو نوٹسز بھی جاری کئے اور گاہے بگاہے انتظامات کا جائزہ بھی لیا جاتا رہا لیکن اس کے باوجود ڈینگی مچھر کی افزائش کا بہت زیادہ خطرہ ہے۔ اس لئے مذکورہ یونین کونسلز کو ڈینگی مچھر کے حوالے سے انتہائی خطرناک قرار دیا گیا ہے۔