کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ ڈینگی ملیریا اور نیگلیریا سمیت تمام مہلک امراض سے بچائو کے لئے احتیاطی تدابیر سے متعلق تدابیر سے عوامی شعور کی آگاہی کے لئے مہم چلا ئی جائے اس کے ذریعے ہی عوامی زندگیوں کو مہلک امراض سے محفوظ بنا یا جاسکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی کی خصوصی ہدایت پر انسداد ڈینگی کے سلسلے میں شاہ فیصل کالونی میں 22اسپرے وہیکل کی مدد سے جراثیم کش ادویات کے اسپرے مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈائریکٹر میونسپل سروسز بلدیہ عظمیٰ کراچی نعمان ارشد ،ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈی ایم سی ایسٹ اسلم پرویز اور دیگر بھی موجود تھے۔
رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ صحت مند ماحول کا قیام عوامی شعور کی آگاہی کے ذریعے ممکن بنا یا جاسکتا ہے انسداد ڈینگی کے لئے ندیوں اور نالوں کے ساتھ گلیوں اور محلوں کی سطح پر تواتر کے ساتھ جراثیم کش ادویات کے اسپرے کی انجام دہی کو یقینی بنا یا جائے۔
اس موقع پر موجود شاہ فیصل کالونی کے علاقائی سنیٹری انسپکٹر و سب انسپکٹرز اور مقدموں کو ہدایت کی کہ شاہ فیصل کالونی کے تمام علاقوں خصوصاً اندرونی گلیوں میں صفائی وستھرائی کے انتظامات کو بہتر بنا ئیں اور جراثیم کش ادویات کے اسپرے مہم کے دوران عوامی تعاون کے ذریعے علاقائی اسپرے انجام دیا جائے۔
اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا کہ حق پرست قیادت عوامی رہنمائی اور عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے لئے جدو جہد جاری رکھے گی اپنے عوام کے ساتھ ظلم و ناانصافی کو قطعی برداشت نہیں کرینگے انہوں نے کہاکہ عوام کو بنیادی مسائل اُن کی دہلیز پر پہنچانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں قائد تحریک محترم الطاف حسین کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے عوامی خدمت اور علاقائی ترقی کے سفر کو جاری رکھ کر عوام کو مسائل سے پاک خوشحال معاشرہ فراہم کرینگے۔