ڈینگی مریضوں میں اضافہ، تحریک انصاف کا احتجاجی مظاہرہ

Dengue

Dengue

راولپنڈی (جیوڈیسک) تحریک انصاف راولپنڈی سٹی کے زیر اہتمام ٹی ایم اے راول ٹائون اور محکمہ صحت پنجاب کی سستی کے باعث ڈینگی کے مریضوں میں خطرناک حد تک اضافے کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں شہریوں تاجروں اور یونین کونسل 46 کے مکینوں نے شرکت کی احتجاجی مظاہرے کی قیادت تحریک انصاف راولپنڈی سٹی کے سیکرٹری اطلاعات اقبال سبحانی، گوالمنڈی کے صدر وسیم صدیقی، ملک شاہد، سرور شاہ آفریدی، یاور صدیقی، سید ذوالفقار علی، احتشام بٹ اور دیگر کر رہے تھے

مظاہرین گو نواز، گو گو شہباز گو گو، گوڈینگی گو، نااہل پنجاب حکومت مردہ باد سپرے کرائو، شہریوں جان بچائواور ڈینگی بھگائو کے نعرے لگا رہے تھے مظاہرین نے ٹرنک بازار، بوہڑ بازار چوک پر ٹریفک بلاک کر دی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اقبال سبحانی نے کہا کہ پنجاب حکومت کی نا اہلی کے باعث راولپنڈی میں ڈینگی کے امراض میں تشویشناک حد تک اضافہ ہورہا ہے اگر فوری طور پر ڈینگی کے امراض پر قابو نہ پایا گیا تو محرم الحرام کے بعد مکمل شٹر ڈائون اور پہیہ جام ہو گا۔