شیخوپورہ (دانیال منصور سے) ڈینگی سے مکمل بچائواحتیاطی تدابیر پر عمل کرنے سے ہی ممکن ہے اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے جبکہ کسی بھی جگہ پر لاروا ملنے کی صورت میں پورے علاقہ کی ڈینگی سویپنگ کی جاتی ہے ان خیالات کا اظہار ڈی سی او ارقم طارق نے شہر کے مختلف علاقوں جوئیانوالہ موڑ، الہلال ٹائون،بھٹی ڈھلواں و دیگر کے اچانک دورہ کے دوران اینٹی ڈینگی ٹیموںکی چیکنگ کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر اے سی سٹی شبیر حسین بٹ کے علاوہ انتظامی افسران بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ اینٹی ڈینگی کے سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔دورہ کے دوران ڈی سی او ارقم طار ق نے انتظامی مسائل عوام سے دریافت کئے اور علاقائی مسائل کے حل کے لئے فوری احکامات بھی جاری کئے۔ڈی سی او ارقم طارق نے ڈینگی لاروا کی ٹیموں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ دیہی علاقوں میں پوری توجہ اور جانفشانی سے سروے مکمل کر لیں تاکہ مکمل ڈینگی تدارک ممکن ہو اور ڈینگی کے متعلق عوام میں پائی جانے والی تشویش ختم ہو سکے۔
علاوہ ازیں ڈی سی او ارقم طارق نے قومی کرکٹر رانا نوید الحسن سے بھی انکی اکیڈمی میں ملاقات کی ۔اس موقع پر ڈینگی تدارک کی ٹیموں نے اکیڈمی کا جائزہ لیا اور اسے ڈینگی لاروا سے محفوظ قرار دیا۔