ڈینگی : راولپنڈی کو حساس ترین قرار دی دیا گیا

Dengue

Dengue

راولپنڈی (جیوڈیسک) الائیڈ ہاسپٹلز میں مزید 35 مریضوں میں ڈینگی بخار کی تصدیق کے بعد مریضوں کی تعداد 155 ہوگئی، ہولی فیملی ہسپتال میں ایک مریض زندگی کی بازی ہار گیا، حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں راولپنڈی کو حساس ترین قرار دے دیا۔ ہولی فیملی، بے نظیر اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں عید کے دنوں میں مزید 35 مریضوں میں ڈینگی بخار کی تصدیق کردی گئی جس کے بعد الائیڈ ہاسپٹلز میں اب تک 155 مریضوں میں ڈینگی بخار کی تصدیق کی جاچکی ہے جبکہ ہولی فیملی ہسپتال میں زیر علاج اٹک کا رہائشی انور علی علاج معالجہ کے باوجود گزشتہ روز زندگی کی بازی ہار گیا۔

جس کی نعش اس کے لواحقین کے حوالہ کردی گئی، ادھر حکومت پنجاب کی طرف سے راولپنڈی کو حساس ترین قرار دیتے ہوئے انسداد ڈینگی مہم مزید تیز کرنے کی سخت ہدایات جاری کردی ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب کی ہے، کمشنر زاہد سعید، ڈی سی او ساجد ظفر ڈال اور دیگر نے ہسپتال میں ڈینگی وارڈز کا اچانک دورہ کیا۔

انہوں نے ڈینگی کے مریضوں کو فراہم کی جانے و الی علاج معالجہ کی سہولیات کاجائزہ لیا اور ہسپتالوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ڈینگی کے مریضوں کو علاج معالجہ میں کسی شکایت کا موقع نہیں ملنا چاہیے اور مریضوں کی صحت یابی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔