ملک کے مختلف علاقوں میں ڈینگی وائرس کے وار جاری ہیں۔ خیبر کی وادی سوات میں ڈینگی کا مرض تیزی سے پھیلتا جا رہا ہے۔ ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد آٹھ ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ سوات میں ڈینگی سے ہلاکتیں پندرہ ہوگئی ہیں۔
ڈینگی وائرس نے وادی سوات میں پنجے گاڑھ رکھے ہیں۔ سوات میں دن بدن بڑھتے اس موذی مرض نے گزشتہ روز ایک اور خاتون کی جان لے لی۔ سیدو شریف اسپتال میں مزید ایک سو پچس نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
سوات کی انتظامیہ ڈینگی پر کنڑول کرنے پر پوری طرح ناکام نظر آرہی ہے۔ سوات میں اسپرے نہ ہونے کی وجہ سے ڈینگی تیزی سے پھلیتا جا رہا ہے۔ دوسری طرف پنجاب کے شہر لاہور میں مزید دو مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ جسکے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک سو سات ہوگئی۔
رواں سال سے اب تک پنجاب میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد پانچ ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ سندھ میں بھی ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک ہزار بڑھ گئی ہے۔ کراچی میں ڈینگی سے اب تک گیارہ ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ اب بھی شہر کے مختلف اسپتالوں میں سیکڑوں افراد زیر علاج ہیں۔