شعبہ تعلیم مئوثر اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے قوم عدم یکسوئی کا شکار ہے: محمد زبیر صفدر
Posted on October 8, 2013 By Majid Khan اسلام آباد
اسلام آباد : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر صفدر نے کہا ہے کہ شعبہ تعلیم مئوثر اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے قوم عدم یکسوئی کا شکار ہے اور مختلف طبقات میں تقسیم ہو چکی ہے۔ کسی بھی ملک کی ترقی کے لئے قومی وحدت کا ہوناانتہائی ضرورہے اور تعلیم قومی وحدت میں اہم کردار ادا کرتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں جمعیت کے ذمہ داران کو ” تعمیر بذریعہ تعلیم ” مہم کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے ذریعے قوم کی ذہنی اور جسمانی نشو و نما ہوتی ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان کا شعبہ تعلیم کوئی متفقہ پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے مسائل میں گھرچکا ہے۔
نصاب تعلیم کے ادبی اور معاشرتی مضامین سے نظریہ پاکستان کے تصور کو بتدریج حذف کیا جا رہا جبکہ سائنسی اور پیشہ ورانہ مضامین میں کسی قسم کی جدت پیدا نہیں کی جا رہی۔ بنیادی اور اعلیٰ تعلیم میںخاطر خواہ حکومتی اقدامات نہ ہونے کو جواز بنا کر غیر ملکی اور غیر سرکاری تنظیمات کیلئے شعبہ تعلیم میںمداخلت کے راستے کھول دئیے گئے جس سے ملک کے نظریاتی تشخص کو شدید نقصانات درپیش ہیں۔ یوں تعلیمی اداروں کا کلچر معاشرتی اور اخلاقی روایات سے دور ہوتا چلا جا رہا ہے۔
محمد زبیر صفدر کا کہنا تھا کہ ملکی ماہرین تعلیم پر انحصار کی بجائے غیر ملکی مشیران تعلیم کے ذریعے تعلیمی اقدامات کو حکومتی تائید حاصل ہے اسلامی جمعیت طلبہ نسل نو کے سامنے ان تعلیمی مسائل کواُجاگر کرتے ہوئے حکومتی اداروں سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ پاکستان کی تعمیر اور ترقی کے لئے تعلیم کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے، غیروں کی جنگ سے پاکستان کو باہر نکال کر عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں، جمعیت تعلیمی اداروں میں اس تعمیری اور آگاہی مہم کو چلا کر نہ صرف طلبہ کو تعمیری سرگرمیوں میں شامل کرے گی بلکہ ہر یونیورسٹی کے طلبہ او ر طالبات کی طرف سے عملی سفارشات کا خاکہ حکومت کے حوالے کرے گی اس سے ایک جانب طلبہ کی تعمیری سرگرمیاں نظر آئیں گی وہاں دوسری جانب طلبہ سیاست کے رخ کو تبدیل کیا جائے گا۔ ملک بھر کے چاروں صوبوں، گلگت اور جموں کشمیر کے ساتھ ساتھ قبائلی علاقوں کے تعلیمی اداروں میں یہ سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔ بیس لاکھ سے زائد طلبہ سے رابطہ کیا جائے گا۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com