محکمہ صنعت کا این جی اوز کو تصدیق کیلئے 15 دن کا دوبارہ نوٹس

Quetta

Quetta

کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان میں غیر فعال اور جعلی این جی اوز کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت کریک ڈاون شروع کر دیا گیا ہے۔ محکمہ صنعت نے محکمہ کے تحت رجسٹرڈ 1226 این جی اوز کو معطل کر دیا، جبکہ محکمہ سماجی بہبود نے 1486 این جی او کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

محکمہ صنعت کے ذرائع کے مطابق محکمہ انڈسٹریز بلوچستان میں 1226 این جی اوز اور ایجوکیشنل سوسائٹز رجسٹرڈ ہیں۔ نیشنل ایکشن پلان کے آنے کے بعد اب محکمہ صنعت نے صوبے میں رجسٹرڈ این جی اوز کی مکمل چھان بین کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں تمام این جی اوز کو نوٹس جاری کر دیا ہے، جس میں انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 15دن کے اندر امدنی کے ذرائع، 5 سال میں مکمل ہونے والے منصوبے، غیر ملکی اداروں سے لی جانے والی امداد بینک اکاونٹس کی تفصیل سمیت دیگر معلومات فراہم کریں۔

ان تمام این جی اوز نے معلومات فراہم نہیں کیں، جس پر ان این جی او کو 3ماہ کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب محکمہ سماجی بہبود نے اپنے محکمہ سے رجسٹرڈ 1500 این جی اوز کی جان پڑتال بھی شروع کر رکھی ہے، جس میں معلوم ہوا ہے کہ اس محکمہ کے تحت رجسٹرڈ 1601 این جی اوز میں صرف 115این جی اوز نے اپنی دوبارہ تصدیق کرائی، جس پر محکمہ سماجی بہبود نے 1486این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کے لیے سیکرٹری سماجی بہبود کو خط لکھ دیا ہے۔