محکمہ داخلہ سندھ کی 29 شخصیات کی سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت

Sindh Department

Sindh Department

کراچی (جیوڈیسک) سندھ میں ججوں اور پولیس افسروں سمیت انتیس افراد دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ پر ہیں، صوبائی محکمہ داخلہ نے ان کی سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ محکمہ داخلہ سندھ کے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ججوں اور پولیس افسروں سمیت 29 شخصیات دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ پر ہیں، لہذا ان کی سیکیورٹی بڑھا دی جائے، مراسلے میں لکھا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس مقبول باقر کا نام بھی دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ میں ہے۔

انسداد دہشت گردی کے جج صغیر حسین زیدی، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کراچی ندیم حیدر، ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کراچی عبدالقادر کی بھی سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس کے علاوہ پولیس افسروں میں چودھری محمد اسلم، فیاض احمد خان، مظہر مشوانی، محمد فاروق اعوان، راجا عمر خطاب، راو محمد انوار، الطاف سرور، سرور کمانڈو اور ریاض حسین اور ڈی آئی جی لیگل سندھ پولیس علی شیر جسکانی بھی دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں۔

مراسلے کے مطابق ایس ایس پی سکھر عرفان بلوچ، اے ایس پی سکھرمسعود بنگش، ڈی آئی جی جیل خانہ جات سکھر اشرف علی نظامانی، جیل افسران شاہد حسین، پیر شبیر جان سرہندی، قمر رضا زیدی، اور آئی بی اے سکھر کے ڈائریکٹر نثار احمد صدیقی کی جانوں کو بھی خطرہ لاحق ہے۔