کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے فاروق ایچ نائیک کو محکمہ قانون سے متعلق کنسلٹنٹ مقرر کرنے کا حکم ایک گھنٹے بعد ہی واپس لے لیا۔ حکومت سندھ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق وزیر اعلی سندھ کی منظوری سے سپریم کورٹ کے وکیل فاروق ایچ نائک کو ایک سال کے کنٹریکٹ پر محکمہ قانون میں کنسلٹنٹ مقرر کیا گیا تھا لیکن صرف ایک گھنٹے بعد ہی تقرری سے متعلق نوٹی فکیشن واپس لے لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چند ہفتے قبل وزیر اعلی سندھ نے سانگھڑ سے تعلق رکھنے والے جام قائم علی کو اپنا معاون خصوصی مقرر کیا تھا لیکن چند دن بعد ہی جام قائم علی کی تقرری کا نوٹی فکیشن بھی واپس لے لیا گیا تھا۔ ایک اور حکم نامے کے مطابق سندھ کے وزیر برائے قانون و پارلیمانی امور ڈاکٹر سکندر میندھرو سے محکمہ قانون کا قلمدان واپس لے کر انہیں محکمہ ماحولیات کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے۔