لاہور (جیوڈیسک) محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، گجرانوالہ، لاہور، پشاور اور ملتان سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا تاہم آج شام اور رات زیریں سندھ کے علاقوں میرپور خاص، حیدرآباد اور کراچی میں تیز ہواوٴں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ دو سے تین روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی پڑنے اور درجہ حرارت میں اضافے کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتے ملک کے بالائی علاقوں میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔
ہفتہ سے پیر کے دوران بالائی خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان اور کشمیر کے دریاوٴں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے جس کی وجہ سے تربیلہ ڈیم میں پانی کی آمد میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔
گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت بھکر میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ، دادو نور پور تھل رسالپور میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ بھکر سبی تربت اور کوہاٹ میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔