محکمہ صحت پنجاب اور پاکستان ائیر فورس کے درمیان معاہدہ

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) محکمہ صحت پنجاب اور پاکستان ائیر فورس کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ معاہدے کے تحت فورٹ منرو کے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے انتظامات پاکستان ائیر فورس کے حوالے کر دیئے گئے۔

محکمہ صحت پنجاب اور پاکستان ائیر فورس کے درمیان مفاہمتی یاداشت کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ائیر چیف مجاہد انور خان سمیت محکمہ صحت پنجاب اور ائیر فورس کے افسران نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ شہباز شریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال سمیت فورٹ منرو میں کیڈٹ کالج کی تعمیر کیلئے ایک ارب کی رقم مختص کی گئی ہے۔

ائیر چیف مجاہد انور خان نے حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان ائیر فورس تمام چیلنجز کے باوجود جنوبی پنجاب میں منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔

وزیرِاعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ یونائیٹڈ نیشنز ڈویلپمنٹ پروگرام کی رپورٹ نے صوبہ پنجاب کی کارکردگی کو دیگر صوبوں سے بہتر قرار دیا ہے جس پر ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔