لاہور (جیوڈیسک) محکمہ ریلوے کے 33 ڈاکٹروں اور نرسوں کی مستقلی منسوخ کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ میں محکمہ ریلوے کے ڈاکٹر مسعود علی اور دیگر ڈاکٹروں اور نرسوں کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں سیکرٹری ریلوے اور دیگر متعلقہ افسران کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزارت ریلوے نے دو ہزار دس میں پاکستان بھر کے ریلوے ہسپتالوں میں فرائض انجام دینے والے ڈاکٹروں اور نرسوں کو مستقل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا
تا ہم آٹھ مئی دو ہزار چودہ میں وزارت ریلوے کی کیبنٹ سب کمیٹی نے ڈاکٹروں اور نرسوں کی بھرتیوں کے وقت مخصوص طریقہ کار اختیار نہ کرنے کا اعتراض عائد کرتے ہوئے درخواست گزاروں کی مستقلی منسوخ کر دی ہے اور قرار دیا ہے کہ آئندہ ڈاکٹروں اور نرسوں کی بھرتیاں کیبنٹ سب کمیٹی کی منظوری کے بعد کی جائیں گی، درخواست میں مزید موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کیبنٹ سب کمیٹی نے اختیار کے بغیر درخواست گزاروں کی مستقلی منسوخ کی ہے ،لہٰذا ڈاکٹروں اور نرسوں کی مستقلی منسوخ کرنے کا نوٹیفکیشن کالعدم کیا جائے۔