شعبہ اردو گری راج کالج کے زیر اہتمام ایم اے حفیظ کا امتحان کی تیاری موضوع پر اردو پاور پوائنٹ لیکچر

lecture

lecture

نظام آباد : زمانہ طالب علمی میں طلبا کو چاہئے کہ وہ اپنے امتحانات کی بروقت اور مناسب منصوبہ بندی کریں اور منصوبے پر مسلسل عمل کرتے ہوئے امتحانات میں کامیابی حاصل کریں۔ ان خیالات کا اظہار ایم اے حفیظ متعلم بی اے سال سوم اردو میڈیم گری راج کالج نے شعبہ اردو کے زیر اہتمام منعقدہ اردو پاور پوائنٹ لیکچر بعنوان” امتحانات کی تیاری کیسے کریں؟” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے انسان کو باصلاحیت بنایا ہے ۔ طلبا کو چاہئے کہ وہ زندگی’صحت’دماغ’وقت اور صلاحیت جیسی اللہ کی نعمتوں کا درست استعمال کریں۔ والدین کو اپنی اولاد سے امید ہوتی ہے کہ ان کے بچے زندگی کے عملی میدان میں ترقی کریں گے۔اس لئے طلبا کو چاہئے کہ وہ امتحانات کی تیاری منصوبہ بندی کے ساتھ کریں۔ کامیابی کے لئے کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا۔ مناسب منصوبہ بندی’زندگی کے لئے مقا صد طے کرنا اور ان کے حصول کے لئے منصوبے کے ساتھ جہد مسلسل کرنا چاہئے تب ہی درکار کامیابی کا حصول ممکن ہے۔ امتحان سے قبل ٹائم ٹیبل بنا کر تمام مضامین کو پڑھنا چاہئے ۔ سبق کے اہم نوٹس خود بنانا اہم نکات کو خط کشیدہ کرلینا۔چارٹ بنانا۔ رٹنے سے احتراز کرنا۔ پڑھے گئے سبق کا اعادہ کرتے رہنا چاہئے۔ ایم اے حفیظ نے کہا کہ پڑھای کے لئے پرسکون ماحول ہو۔ پڑھنے کے دوران مناسب وقفہ لیا جائے شام کے وقت کچھ کھیل بھی سکتے ہیں۔

انہوں نے طلبا پر زور دیا کہ نماز کی پابندی کریں کیوں کہ اس سے دنیاوی اور اخروی فائدے ہیں۔ ہمیں۔ اپنی کمزوریوں کا اندازہ ہو اور ان پر قابو پایا جائے۔ امتحان سے عین ایک دن قبل اسباق کا اعادہ ہو وقت پر سو کر امتحان کے دن تمام درکار سامان کے ساتھ وقت سے قبل مرکز امتحان پہونچا جائے اور پرسکون انداز میں سوالات کے جواباد دی گئی ہدایات کے مطابق لکھے جائیں۔ سوال نمبر واضح لکھے جائیں۔ چمکدار قلم استعمال نہ کیا جائے امتحان سے دس منٹ قبل تمام پرچے پر نظر ڈالی جائے اور اپنا پرچہ ممتحن کے حوالے کردیا جائے۔ اللہ سے دعا کی جائے کہ وہ انہیں زندگی کے ہرامتحان میں کامیاب کرے۔ محمد حفیظ نے کہا کہ زندگی کے امتحانوں سے اہم آخرت کا امتحان ہے جس کا پرچہ ہمیں معلوم ہے اس لئے ہماری ذمہ داری ہے کہ ایمان کی دولت کی قدر کریں اور اسوہ رسول ۖ کے مطابق زندگی گزارتے ہوئے اپنی دونوں جہاں کی کامیابی کو یقینی بنائیں۔ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی صدر شعبہ اردو نے کہا کہ یہ ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے کہ ہمارے بی اے اردو میڈیم کے طالب علم نے ایک گھنٹے تک اردو پاور پوائنٹ کی مدد سے یہ اہم لیکچر دیا۔ جسے فیس بک کے ذریعے دنیا بھر میں پیش کیا گیا۔ اور لوگوں نے شعبہ اردو گری راج کالج کے فروغ اقدامات کی ستائش کی۔