محکمہ ڈاکخانہ جات کی کارکردگی بہتر بنانے اور صارفین کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی سپرنٹنڈنٹ پوسٹل سروسز جھنگ ڈویژن
Posted on October 1, 2013 By Geo Urdu سٹی نیوز
جھنگ : پوسٹل سروسز جھنگ ڈویژن کے سپرنٹنڈنٹ محمود خان نے کہاہے کہ محکمہ ڈاکخانہ جات کی کارکردگی بہتر بنانے اور صارفین کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور محکمہ سے کرپشن کا بھی خاتمہ کیا جائیگا تاکہ کسی صارف کو محکمہ سے کوئی شکایت پیدا نہ ہو سکے اور وہ زیادہ مؤثر انداز میں محکمہ ڈاکخانہ جات کی خدمات سے استفادہ کر سکیں۔ میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ محکمہ ڈاکخانہ جات جھنگ ڈویژن کی حدود میں آنیوالے اضلاع جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور اس کی تمام تحصیلوں کے حکام پر واضح کیا گیا ہے۔
کہ وہ انتظامی امور کے بارے میں پائی جانیوالی شکایات کا فوری تدارک کریں ورنہ دوران چیکنگ اگر کوئی بے قاعدگی پائی گئی تو ذمہ داران کو معاف نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکخانہ جات کے عملہ کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صارفین کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آئیں اور انہیں اعلیٰ معیار کی سروسز فراہم کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ ڈاکخانہ جات نے عوامی سہولیات کیلئے الیکٹرانک منی آرڈر سسٹم شروع کرنے سمیت دیگر برق رفتار سروسز کا بھی آغاز کر رکھا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ صارفین پرائیویٹ کوریئر کمپنیوں کی نسبت اپنے اثاثوں، ڈاک، پارسلز، رقوم وغیرہ کی محفوظ ترسیل کیلئے محکمہ ڈاکخانہ جات کی حکومتی خدمات سے استفادہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمانہ سروسز میں بہتری لانے کیلئے قابل عمل تجاویز پر بھی فوری عملدرآمد کیا جائے۔