محکمہ سوئی گیس راولپنڈی ریجن کے 36 ملازمین 7 ماہ سے تنخواہوں سے محروم

Department Sui Gas

Department Sui Gas

راولپنڈی (جیوڈیسک) محکمہ سوئی گیس راولپنڈی ریجن میں 36 سے زائد ڈیلی ویجز ملازمین کو 7 ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہ ہوسکی، ملازمین کی طرف سے اعلیٰ حکام کو دی گئی درخواستوں کوبھی فائلوں کے نیچے دبا دیا گیا۔ذرائع سے معلوم ہواہے کہ سوئی گیس راولپنڈی کے دفتر کی ڈویلپمنٹ سیکشن میں کام کرنے والے ہیلپر،ویلڈراور فٹروغیرہ 36 سے زائد ڈیلی ویجزملازمین کو گزشتہ سات ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی گئی جس کی مد میں اب تک ان کے واجبات تقریباً 37 لاکھ روپے سے زائد بنتے ہیں، جن کی وصولی کیلئے متعلقہ ملازمین کی طرف سے اپنے دفتر میں متعلقہ حکام سے متعددبار رابط کیالیکن ہر بار مختلف حیلوں بہانوں سے ٹرخادیاگیا

اپنے ہی افسران سے عاجز ان ملازمین کی طرف سے بعدازاں جی ایم راولپنڈی، جی ایم لاہوراور وفاقی وزیر پٹرولیم کو درخواستیں بھجوائی گئیں لیکن تاحال کوئی نوٹس نہ لیے جانے پر ملازمین میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے اور ان کا کہناہے کہ عید الاضحی آپہنچی ہے اور ان کے گھروں میں فاقے بڑھتے یہ چلے جارہے ہیں اور اب بھی اگر اعلیٰ حکام کی طرف سے کوئی شنوائی نہ کی گئی تو اس عید پر محکمہ اپنے ملازمین کی قربانی پرخوشیاں منائے گا اور عیدکے بعد ملازمین کام کی بجائے احتجاج کرنے پر مجبورہوجائیں گے ،ادھر اس ضمن میں محکمہ سوئی گیس راولپنڈی ریجن کے حکام نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ ہم ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے کوشش میں لگے ہوئے جلد اس مسئلہ کو حل کرلیاجائے گا۔